مظفرآباد، وزیراعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی قوم اور کشمیری عوام یک آواز اور متحد ہیں۔
مظفرآباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے جب بھی تکبر اور جارحیت کا مظاہرہ کیا، اسے عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس بار مسئلہ کشمیر کے حل کی کوئی عملی صورت ضرور سامنے آئے گی۔
پاکستان کی مسلح افواج اور ملک کو اللہ تعالیٰ نے عزت و وقار عطا فرمایا، اگر بھارت نے دوبارہ کسی اشتعال انگیزی کی کوشش کی تو اسے پہلے سے بھی زیادہ سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ کشمیری عوام اور پاکستانی قوم بھارتی ظلم و ستم کے خلاف ایک صف میں کھڑے ہیں۔
پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کیں، تاہم کشمیریوں کی دعاؤں اور قربانیوں سے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بن رہا ہےاور اُمید کی جا رہی ہے کہ اس بار اس دیرینہ مسئلے کا کوئی پائیدار حل نکلے گا۔