وفاقی وزیر احسن اقبال نے ’معرکہ ترقی‘ کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو 2035 تک ٹریلین ڈالر تک پہنچانا ہے۔
لاہور: وفاقی وزیر احسن اقبال نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان میں اب نئے معرکے کا آغاز ہو چکا ہے جسے ’معرکہ ترقی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ ہر شہری کے سامنے اُڑان پاکستان کی شکل میں موجود ہے اور اسے جیتنا ہمارا مقصد ہے۔
احسن اقبال نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف ’معرکہ حق‘ ایک شاندار کامیابی تھی جس نے پاکستان کو عالمی سطح پر سرفراز کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2035ء تک پاکستان کی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالر تک لے جانا ہے اور معاشی میدان میں بھارت کو بھی مکمل طور پر پیچھے چھوڑنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برس تین بار ’اڑان‘ بھرنے کی کوشش کی، لیکن وہ کریش ہو گئی، تاہم اب معرکہ تحقیق اور ترقی کے لیے بھرپور کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام کو پائیدار پاکستان میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھی تلقین کی۔
نواز شریف نے بڑے دھڑوں کو متحد کرنے کا ٹاسک سعد رفیق کو سونپ دیا
احسن اقبال نے نوجوانوں اور انجینئرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے ہر راستے کا محور انجینئرز ہیں اور وہ ایکسپورٹ، فوڈ سیکیورٹی اور زراعت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مثال دی کہ سویت یونین کے پاس اسلحہ اور فوج تو تھی لیکن کمزور معیشت کی وجہ سے اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ان کا تعلق مڈل کلاس گھرانے سے ہے اور کوئی بھی نوجوان انجینئر پاکستان کے کسی بھی عہدے پر پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرز کی سپورٹ کے بغیر پاکستان کی معیشت اور ترقی ممکن نہیں۔