کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں آج بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث 100 انڈیکس میں 2661 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ ایک موقع پر 179,016 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ پہلے سیشن کے اختتام پر انڈیکس 178,504 پوائنٹس پر بند ہوا، جبکہ بازار میں 57 کروڑ شیئرز کے سودے 32 ارب روپے میں طے پائے۔
سال کے دوسرے کاروباری دن کا آغاز بھی مثبت انداز میں ہوا اور مارکیٹ میں خریداری کا رجحان برقرار رہا۔ نئے سال کے پہلے روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی رہی تھی، جب 100 انڈیکس میں 2300 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ 176,355 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسٹاک میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہے، جس کی وجہ ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کے اشارے اور کچھ بڑی کمپنیوں کے مالیاتی نتائج مثبت رہنا ہیں۔ مارکیٹ کے اس مثبت رجحان سے سرمایہ کاروں میں بھی جوش و خروش بڑھا ہے اور خریداری کا عمل زور پکڑ گیا ہے۔
پہلے سیشن کے دوران سب سے زیادہ کاروبار بینکنگ، توانائی اور بڑی صنعتی کمپنیوں کے حصص میں دیکھنے میں آیا۔ تیزی کے اس رجحان نے سرمایہ کاروں کو مختصر مدت میں منافع کمانے کا موقع فراہم کیا ہے، اور مارکیٹ کے تجزیہ کار توقع کر رہے ہیں کہ اس مثبت رحجان کا سلسلہ کچھ اور دنوں تک برقرار رہ سکتا ہے۔
اس دوران، سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ مارکیٹ میں محتاط سرمایہ کاری کریں اور اسٹاک کی قدر و قیمت میں اتار چڑھاؤ کو دھیان میں رکھیں تاکہ محفوظ اور فائدہ مند سرمایہ کاری ممکن ہو سکے۔
