وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نے غزہ کیلئے 19ویں کھیپ روانہ کردی، لاہور سے روانہ ہونے والے جہاز میں 100 ٹن امدادی سامان شامل ہے۔
اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر غزہ کے متاثرہ عوام کیلئے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے 19ویں کھیپ لاہور سے روانہ کر دی گئی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اس کھیپ میں 100 ٹن امدادی سامان شامل ہے، جس میں آٹے کے تھیلے، تیار کھانے، کوکنگ آئل اور ڈبہ بند پھل شامل ہیں۔ سامان کو خصوصی طور پر غزہ کے متاثرہ خاندانوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاکستان اب تک مجموعی طور پر 19 کھیپوں کے ذریعے 1915 ٹن امدادی سامان غزہ بھیج چکا ہے۔ اس سامان میں خوراک، خیمے، ادویات اور روزمرہ استعمال کی اشیاء شامل رہی ہیں۔
اقوام متحدہ نے غزہ کو ’قحط زدہ‘ قرار دے دیا
خیال رہے کہ وزیراعظم نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان فلسطینی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ غزہ کے عوام کے لیے بھیجی جانے والی یہ امداد انسانی ہمدردی کے تحت ہے اور اس کا مقصد جنگ سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید امدادی سامان روانہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جا سکے۔