لاہور سے فلسطینی عوام کے لیے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا گیا، جو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی نگرانی میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوا۔ اس امدادی کھیپ میں ادویات، خیمے، کمبل اور صاف پانی کے کین شامل ہیں، جو غزہ میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں انتہائی ضروری قرار دیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی طلحہ برکی کے مطابق پاکستان اب تک غزہ کے لیے مجموعی طور پر 26 امدادی کھیپیں روانہ کر چکا ہے، جن کا وزن 2 ہزار 527 ٹن سے زائد بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امدادی سلسلہ پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور فلسطینی عوام سے گہرے انسانی اور اخلاقی تعلق کی علامت ہے۔
طلحہ برکی نے بتایا کہ امدادی سرگرمیوں میں مختلف فلاحی اداروں نے بھرپور تعاون کیا ہے، جن میں الخدمت فاؤنڈیشن بھی نمایاں کردار کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام کوششیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان نہ صرف سفارتی سطح پر بلکہ عملی میدان میں بھی فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا: دیمتری میدویدیف
ان کا کہنا تھا کہ امداد کی فراہمی پاکستان کی اسلامی اخوت، مشترکہ اقدار اور اخلاقی ذمہ داری کا اظہار ہے، اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ غزہ کے متاثرین کو مشکل وقت میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
