اسلام آباد: ملک بھر میں جاری شدید مون سون بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 657 ہو گئی ہے، جب کہ 920 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جاری کیے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے جاری شدید بارشوں اور ان کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں 171 بچے، 94 خواتین اور 392 مرد شامل ہیں۔
سب سے زیادہ جانی نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا ہے، جہاں اب تک 373 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 164، سندھ میں 28، بلوچستان میں 20، گلگت بلتستان میں 32، آزاد کشمیر میں 15 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
سوات میں اسکول پرنسپل کے بروقت فیصلے نے 900 قیمتی جانیں بچالیں
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں اب بھی کئی افراد لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے، جب کہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ حکام نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔