وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ریلوے اب اپنی ویگنز اور کوچز چلی، ارجنٹینا، سری لنکا، بنگلا دیش اور نیپال کو ایکسپورٹ کرنے جا رہا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے دسمبر میں 10 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل کی، جو مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مال گاڑیوں کی شراکت داری کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینر، کوئلہ اور فاسفیٹ جیسی اشیاء بھی آج مال گاڑیوں کے ذریعے سپلائی کی جا رہی ہیں، جس سے ریلوے کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ اس ہفتے ان پانچ ممالک کے سفیروں کو وزارت ریلوے میں پریزنٹیشن دی جائے گی، جس میں پاکستان کی کوچز اور ویگنز کی معیار اور کم قیمت کے فوائد کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوالٹی اور مسابقتی قیمت عالمی مارکیٹ میں مزید مواقع فراہم کرے گی اور ریلوے کے لیے برآمدات کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔
لاہور: پاکستان ریلوے نے اپ گریڈڈ نارووال پیسنجر ٹرین کا افتتاح کر دیا
یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان ریلوے کے لیے آمدنی کے نئے ذرائع فراہم کرے گا بلکہ ملک کی صنعتی اور مینوفیکچرنگ صلاحیت کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔ وزیر ریلوے کے مطابق اس اقدام سے پاکستان کی ریلوے انڈسٹری کی عالمی پہچان میں اضافہ ہوگا اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ بڑھانے میں مدد ملے گی۔
یہ اقدام پاکستان کے لیے ریلوے سیکٹر میں بنیادی ترقی اور برآمدات کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
