ترجمان نے بتایا کہ کرایوں میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور یہ اضافہ 20 جون 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
پاکستان ریلوے نے ایکسپریس، فریٹ ٹرینوں اور سیلونز کے کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ایکسپریس ٹرینوں اور سیلونز کے کرایوں میں 3 فیصد، جبکہ فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ آپریشنل اخراجات میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق، اس اضافے کا مقصد بڑھتی ہوئی لاگت کو پورا کرنا ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسٹیشنوں اور ریزرویشن دفاتر میں نئے کرایوں کی فہرست فوری طور پر آویزاں کریں۔
مزید برآں، آئی ٹی ڈائریکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایڈوانس بکنگ سسٹم میں بھی ان تبدیلیوں کو نافذ کریں۔
اگر کسی اسٹیشن یا کمرشل اسٹاف کو کرایوں میں کسی قسم کی غلطی یا فرق نظر آئے تو وہ سات دنوں کے اندر چیف مارکیٹنگ منیجر اور آئی ٹی ڈائریکٹر کو رپورٹ کریں۔
ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ مسافروں پر کم سے کم مالی بوجھ ڈالنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور آمدنی بڑھانے کے لیے فریٹ، زمین اور دیگر شعبوں میں بھی اہداف حاصل کر رہی ہے۔