وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے الحمرا کلچرل کمپلیکس لاہور میں جشنِ آزادی کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان کنسرٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج ایک نئے سفر پر گامزن ہے، جہاں آپریشن "بنیانِ مرصوص” کے بعد ملک نے ترقی کی نئی منازل طے کرنا شروع کر دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک افواج نے نہ صرف سرحدوں پر دشمن کو شکست دی بلکہ بھارت کی پراکسی جنگوں کو بھی ناکام بنایا۔
انہوں نے شریک نوجوانوں، فنکاروں اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کا تحفظ ہمارا قومی فرض ہے اور قوم کو اپنی افواج پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے مختلف علاقوں میں پراکسی جنگ چھیڑنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن افواجِ پاکستان کے جوانوں کا حوصلہ بلند ہے اور انہیں قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا کہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم اپنے والد کے انتقال کے باوجود قومی جذبات کے تحت تقریب میں شرکت کے خواہشمند تھے۔ ان کے اس جذبے کو سراہتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ 6 ستمبر کو ایک خصوصی ایونٹ میں عاطف اسلم دوبارہ پرفارم کریں گے، اور ایونٹ کی ٹکٹوں پر عوامی رش کے باعث جو رقم لی گئی تھی، وہ ٹکٹ ہولڈرز کو واپس کی جائے گی۔
پاکستان میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر، ہر شہر قومی رنگوں سے سج گیا
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی، انہی قربانیوں کی بدولت ہم آزادی کا جشن منانے کے قابل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قوم ناقابلِ شکست ہے اور اسے کبھی جھکایا نہیں جا سکتا۔ کنسرٹ کا اختتام ملی نغموں، عوامی جوش و خروش اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ ہوا۔