پاکستان کی جوہری طاقت صرف تحفظ کیلئے ہے، جنگ نہیں چاہتے، افواجِ پاکستان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

راولپنڈی: پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح سروسز چیفس نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یومِ تکبیر اس تاریخی موقع کی یاد دہانی ہے جب پاکستان نے ایک ذمہ دار جوہری طاقت کے طور پر دنیا کے سامنے اپنے وجود کو منوایا۔

latest urdu news

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دن پاکستان کے قومی عزم، اتحاد، اور پُرامن بقائے باہمی کے لیے جدوجہد کی علامت ہے۔ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت کو ایک "قومی امانت” قرار دیتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ صلاحیت پاکستانی عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان ہے اور وطن کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی مظہر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، مسلح افواج اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ وہ وطنِ عزیز کے دفاع اور ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاکستان کی جوہری صلاحیت محض دفاعی مقاصد کے لیے حاصل کی گئی ہے اور یہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی ضامن ہے۔

فوجی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کی حمایت اور قربانیوں کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔ مسلح افواج اس تاریخی دن پر اپنے سائنسدانوں، انجینئرز اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں جنہوں نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

یاد رہے کہ یومِ تکبیر ہر سال 28 مئی کو منایا جاتا ہے، جب پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں چھ کامیاب ایٹمی دھماکے کیے تھے۔ ان دھماکوں کے ذریعے پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت کے طور پر سامنے آیا، جسے قومی دفاع کی تاریخ میں ایک سنگِ میل قرار دیا جاتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter