وفاقی وزیر غذائی تحفظ اور تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت کا فروغ قومی معیشت کو مضبوط بنا سکتا ہے اور حکومت کاشتکاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
اسلام آباد میں دوسری اولیو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زیتون کی پیداوار میں خودکفیل ہونا ہوگا، اور زیتون کی کاشت سے کسانوں کی آمدن میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، جس سے دیہی معیشت مضبوط ہوگی۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ زیتون کا تیل پاکستان کا برآمدی برانڈ بن سکتا ہے اور کاشتکاروں کو زیتون کی جدید کاشت کے لیے تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ زیتون کے شعبے میں نجی شعبے کی شمولیت خوش آئند ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے زیتون کا شعبہ تیزی سے ترقی کرے گا اور یہ پاکستان کی پہچان بنے گا۔
بلوچستان کے زیتون کے تیل کو عالمی اعزاز سے نواز دیا گیا
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ فوڈ سیفٹی ہماری قومی ترجیح ہے، وزارت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے، اور محفوظ اور پائیدار خوراک پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے۔