پاکستان میں پہلی بار مصنوعی ذہانت پر مبنی کسٹمز کلیئرنس سسٹم متعارف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی آر نے پاکستان کا پہلا AI بیسڈ کسٹمز کلیئرنس و رسک مینجمنٹ سسٹم لانچ کیا، شفافیت اور تیز کلیئرنس کا وعدہ

اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) پر مبنی کسٹمز کلیئرنس اور رسک مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔ اس جدید نظام کا مقصد ملک میں کسٹمز عمل کو خودکار بنانا، کرپشن کا خاتمہ کرنا اور کاروباری برادری کو تیز اور مؤثر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

latest urdu news

اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ درآمدات و برآمدات کی اشیاء کی نوعیت اور قیمت کا اندازہ اب اے آئی ٹیکنالوجی اور بوٹس کی مدد سے لگایا جائے گا۔ یہ نظام مشین لرننگ کے ذریعے خود کو مسلسل بہتر بناتا رہے گا، جس سے وقت کی بچت اور انسانی مداخلت میں واضح کمی آئے گی، نتیجتاً بدعنوانی کے امکانات بھی کم ہوں گے۔

نظام کی ابتدائی ٹیسٹنگ کے دوران قابلِ ذکر نتائج سامنے آئے۔ 92 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی، 83 فیصد زائد گڈز ڈیکلریشن کی نشاندہی ہوئی اور ڈیڑھ گنا زیادہ کلیئرنس گرین چینل سے کی گئی، جو تیز تر اور شفاف عمل کی علامت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ملک کا ٹیکس نظام شفاف بنانا اور کاروبار دوست ماحول قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت سے مزین اس سسٹم کو سراہتے ہوئے ایف بی آر افسران کی کوششوں کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ اس نظام کو فوری طور پر ملک بھر میں نافذ کیا جائے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ویڈیو اینالیٹکس پر مبنی نیا سسٹم خاص طور پر مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ٹیکس وصولی کے عمل کو خودکار، شفاف اور مؤثر بنائے گا۔ اس کی ابتدائی آزمائش میں 98 فیصد افادیت نوٹ کی گئی ہے جبکہ اس کی لاگت بھی نہایت کم ہے۔

وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے جدید نظام کی افادیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اس نظام کو مربوط، پائیدار اور مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

یاد رہے کہ پاکستان کا ٹیکس نظام کئی دہائیوں سے دستی، پیچیدہ اور کرپشن زدہ سمجھا جاتا رہا ہے، اور یہ اقدام ایف بی آر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter