پاکستان ، ایران کا 8 ارب ڈالر سالانہ تجارت کا ہدف مقرر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد ، پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی تعاون کو نئی وسعت دیتے ہوئے سالانہ تجارت کا ہدف 8 ارب ڈالر مقرر کر دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال اور ایران کے وزیر صنعت و تجارت محمد آتابک کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی اہم ملاقات کے دوران کیا گیا، ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی تجارت کو نئی جہت دینے، سرحدی تعاون بڑھانے اور اقتصادی سرگرمیوں کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

latest urdu news

وفاقی وزیر جام کمال کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تجارتی روابط میں وسعت وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ دونوں ممالک کی جغرافیائی قربت تجارتی مواقع کو نمایاں طور پر بہتر بنا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی تجارت نہ صرف معیشت کے لیے اہم ہے بلکہ یہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت محض اقتصادی سرگرمی نہیں بلکہ عوامی سطح پر روابط استوار کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

ایرانی وزیر محمد آتابک نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاجر ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں، اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تجارتی تعاون ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قریبی تجارتی روابط نہ صرف معاشی خوشحالی کا سبب بنیں گے بلکہ خطے میں استحکام اور یکجہتی کو بھی فروغ دیں گے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے آئندہ اجلاس کو جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ ایران سے پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا گیا جبکہ B2B اجلاسوں اور تجارتی وفود کے تبادلے کو بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

زراعت، توانائی، مویشی پالنے، لاجسٹکس، اور پیشہ ورانہ خدمات کے شعبوں میں تعاون پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ایران میں پاکستانی آئی ٹی سروسز کو فروغ دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ سرحدی سہولیات کے بہتر استعمال اور تجارتی راہداریوں کی ترقی پر بھی زور دیا گیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مؤثر، تیز تر اور مستحکم بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی روابط ہمیشہ سے تاریخی اہمیت کے حامل رہے ہیں، تاہم ماضی میں بعض سیاسی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ تعلقات مکمل طور پر اپنی صلاحیتوں سے استفادہ نہ کر سکے۔ موجودہ اقدامات اس سمت میں اہم پیش رفت سمجھے جا رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter