اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساحلی علاقے جدہ کے قریب انٹرنیشنل سب میرین کیبل کٹنے کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہوئی ہے، جس کا اثر مختلف شہروں میں محسوس کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شزہ فاطمہ نے وضاحت کی کہ یہ تکنیکی مسئلہ پاکستان میں نہیں بلکہ سعودی عرب کی طرف پیش آیا ہے، جہاں سب میرین کیبل کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں اور جیسے ہی کیبل کی مرمت کے وقت کا تعین ہو گا، عوام کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
شزہ فاطمہ نے اعتراف کیا کہ انٹرنیٹ کی سست روی سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے پاکستان میں ایک اور بنیادی مسئلہ براڈ بینڈ اسپیکٹرم کی کمی بھی ہے، جس پر حکومت پی ٹی سی ایل اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے۔
پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا خدشہ، پی ٹی سی ایل کا انتباہ
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سب میرین کیبل کو کس نوعیت کا نقصان پہنچا ہے، اس کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے، اور مرمت کے عمل کا آغاز جلد متوقع ہے۔ حکومت صارفین کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔