7
اسلام آباد، وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں بھارت کی حالیہ جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی "آپریشن بنیان مرصوص” پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صدر مملکت کو بھارت کے خلاف کیے گئے موثر اور فیصلہ کن ردعمل سے آگاہ کیا، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔
صدر زرداری نے بھارت کی بلاجواز جارحیت پر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن بھارتی حملوں کے بعد اپنی خود مختاری کے دفاع میں فوری اور بھرپور ردعمل دینا ناگزیر تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اس مشکل وقت میں یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور پاک فوج کے ساتھ مکمل طور پر کھڑی ہے، پاکستان اپنی سرحدوں اور خودمختاری کا دفاع ہر صورت یقینی بنائے گا۔