پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اہم معاشی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی، جو ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری قرض پروگرام کے جائزے پر ابتدائی معاہدہ مکمل ہو گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ای ایف ایف (Extended Fund Facility) کے تحت تقریباً 1 ارب ڈالر اور آر ایس ایف (Resilience and Sustainability Facility) کے تحت 20 کروڑ ڈالر دیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق یہ رقم آئندہ چند گھنٹوں میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی۔ موجودہ 37 ماہ کے قرض پروگرام کی مد میں ایک ارب ڈالر کی قسط کی منظوری دی گئی ہے، جب کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اضافی 20 کروڑ ڈالر کی قسط بھی شامل ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اس کے مشن نے 24 ستمبر سے 8 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کیا، جس دوران حکومتِ پاکستان نے سخت ترین معاشی اہداف حاصل کیے، جن سے مشن مطمئن رہا۔ دورے کے بعد بھی چند اہم نکات پر بات چیت جاری رہی، جو بالآخر کامیابی سے مکمل ہوئی۔
آئی ایم ایف نے وفاق کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں فنڈز جاری کرنے سے روک دیا
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے مشکل حالات، خصوصاً تباہ کن سیلاب کے باوجود 1.6 فیصد پرائمری سرپلس ظاہر کیا، جب کہ ٹیکس اصلاحات پر بھی موثر عملدرآمد جاری رکھا۔ ٹیکس شارٹ فال کو پورا کرنے کے لیے ضروری ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے، اور وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر متاثرہ علاقوں کے لیے فنڈز مختص کریں گی۔
آئی ایم ایف نے یہ بھی تسلیم کیا کہ پاکستان نے سماجی شعبے کے اہداف حاصل کیے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ غربت میں کمی لائی جا سکے۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی بروقت اقدامات کیے گئے ہیں۔
ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے وفاق اور صوبے مزید متحرک ہو گئے ہیں، اور باہمی تعاون کے ذریعے مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان کا مالیاتی خسارہ اس وقت گزشتہ 14 برسوں کی بہترین سطح پر ہے، جو ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
یہ معاہدہ پاکستان کے لیے نہ صرف معاشی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ عالمی سطح پر اعتماد کی بحالی کی علامت بھی ہے۔