پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان فضائی روابط میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان نے بنگلادیش کی قومی ایئر لائن بیمان بنگلادیش کو براہِ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
اس فیصلے کو دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولتوں اور تجارتی روابط کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بیمان بنگلادیش ایئر لائن کو ڈھاکا سے کراچی کے درمیان براہِ راست فضائی سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق یہ اجازت ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے دی گئی ہے، جو 30 مارچ 2026 تک مؤثر رہے گی۔ اس دوران بنگلادیشی ایئر لائن کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے اور منظور شدہ روٹس کے تحت پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت حاصل ہوگی۔
پی آئی اے کا اسلام آباد سے لندن کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان
سی اے اے حکام کے مطابق اس عارضی اجازت کے دوران ایئر لائن کی کارکردگی، آپریشنل معیار اور حفاظتی امور کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد پروازوں کی مدت میں توسیع یا مستقل اجازت سے متعلق فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف مسافروں کو براہِ راست سفر کی سہولت ملے گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس، سیاحت اور عوامی روابط کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے برطانوی ایئر لائن نورس اٹلانٹک کو بھی براہِ راست پروازوں کی اجازت دی تھی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق نورس اٹلانٹک ایئر لائن لندن، مانچسٹر اور برمنگھم سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے لیے براہِ راست فضائی سروس کا آغاز کرے گی، جس سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو نمایاں سہولت ملے گی۔
ماہرین کے مطابق حالیہ فیصلے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان بتدریج اپنی فضائی حدود اور ایوی ایشن سیکٹر کو بین الاقوامی ایئر لائنز کے لیے مزید کھول رہا ہے۔ اس پالیسی کے نتیجے میں نہ صرف قومی معیشت کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے بلکہ پاکستان کا عالمی ایوی ایشن نیٹ ورک میں اعتماد بھی بحال ہوگا۔
بیمان بنگلادیش ایئر لائن کی پروازوں کی منظوری کو پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات میں ایک نئے باب کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع پیدا کر سکتا ہے۔
