وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی مؤثر خارجہ پالیسی کی وجہ سے اسرائیل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں معافی مانگنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مضبوط اور باوقار انداز میں ابھر رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی منافقت کی بدترین مثال ہے، اور افسوس کا مقام یہ ہے کہ عالم اسلام کے کئی نام نہاد رہنما خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے سعودی عرب سے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "سعودیہ سے ہمارا صرف سفارتی نہیں بلکہ جذباتی رشتہ ہے، اور پاکستان کا بچہ بچہ حرمین الشریفین کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے۔”
رانا تنویر حسین نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کی سیاست نے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا، اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کی ذمہ داری بھی ماضی کی غلط پالیسیوں پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور وزیر اعلیٰ متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ ساتھ ہی، کسانوں کے لیے ایک نیا شاندار پیکج بھی لایا جا رہا ہے تاکہ گندم کی پیداوار کو بہتر بنایا جا سکے۔