اسلام آباد،پاکستان کسٹمز کی جانب سے گزشتہ دس برسوں میں سمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران 303 کلوگرام سے زائد سونا ضبط کیا گیا، جس کی مجموعی مقدار سات من سے بھی زیادہ بنتی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ کارروائیاں مالی سال 2014-15 سے لے کر 2024-25 کے درمیان کی گئیں۔
دستاویزات کے مطابق سب سے زیادہ سمگلنگ کے کیسز اور سونا مالی سال 2017-18 میں ضبط کیا گیا، جب 58 کلوگرام سے زائد سونا برآمد ہوا اور 53 مقدمات درج کیے گئے، اس کے بعد 2020-21 میں 48 کلوگرام سونا پکڑا گیا، جس کے تحت 62 کیسز رجسٹر کیے گئے، جو اس عرصے کا دوسرا بڑا ریکارڈ ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ دو سال یعنی 2022-23 اور 2023-24 کے دوران سمگلنگ میں واضح کمی دیکھی گئی، جب سب سے کم مقدار میں سونا پکڑا گیا۔ کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار سمگلنگ میں کمی کی جانب اشارہ کرتے ہیں، تاہم غیر قانونی تجارت کو مکمل طور پر روکنے کے لیے مزید مؤثر اور سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق سرحدی علاقوں، ہوائی اڈوں اور بین الاقوامی راستوں پر نگرانی میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو بھی نظام میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ سمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑا جا سکے۔