نارووال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان پر میلی نگاہ ڈالنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے پاکستان کی عسکری قوت اور وزیرِاعظم کے واضح مؤقف کو اجاگر کیا۔
نارووال میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھارت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر میلی نگاہ ڈالنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا، اور دشمن کے چہرے پر زناٹے دار تھپڑ مارنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نارووال میں معذور اور نابینا افراد کے لیے سسٹو ڈیوائسز، وہیل چیئرز، واکرز اور دیگر آلات کی تقسیم کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے اپنی تقریر میں بھارتی فضائیہ کی گزشتہ دنوں کی کارروائیوں اور پاکستانی ردِعمل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کو وہ مزہ چکھایا کہ اسے دن میں تارے نظر آ گئے، جن جنگی جہازوں پر بھارت کو بڑا ناز تھا، ہماری فضائیہ نے انہیں زمین بوس کر دیا، اور یہ اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے جس پر ہم جتنا بھی شکر ادا کریں، کم ہے۔
احسن اقبال نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والی قوتیں، خصوصاً سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کی مہم، ملک کی مسلح افواج اور ان کی قیادت پر بے بنیاد حملے کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیں یہ باور کرانے کی کوشش کر رہی تھی کہ پاکستان کی فوج کمزور ہو چکی ہے اور سپہ سالار منصب کا اہل نہیں، لیکن حالیہ کارروائیوں میں جس بہادری اور قیادت کا مظاہرہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کیا، وہ تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2019 میں جب بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی تو اس وقت کے وزیراعظم کا رویہ غیر سنجیدہ تھا، انہوں نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر کہا تھا کہ: "پھر میں کیا کروں؟ حملہ کر دوں؟"
مگر آج کے وزیراعظم نے افواجِ پاکستان کو ہدایت دی کہ: "ایسا جواب دو کہ دشمن کو اپنی حرکتوں پر ندامت ہو۔”
وفاقی وزیر نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دشمن جوں جوں ہوش میں آ رہا ہے، وہ خود اعتراف کر رہا ہے کہ پاکستان نے اس کے جہاز مار گرائے ہیں۔
احسن اقبال نے اس کامیابی کو پوری قوم کی جیت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم دفاعی اعتبار سے نہ صرف خود کفیل ہیں بلکہ دشمن کو اس کے گھر تک پہنچ کر جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ فروری 2019 میں بھی بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر پاکستان نے دو بھارتی جہاز مار گرائے تھے، جس میں ایک بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ اس وقت بھی پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر اپنی دفاعی مہارت اور امن پسندی کا لوہا منوایا تھا۔ موجودہ صورت حال میں ایک بار پھر پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، چاہے دشمن کوئی بھی ہو۔