پاکستان ایل او سی پر 1948 کی پوزیشن پر واپس آ گیا، وزیر دفاع خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کے اقدامات کے بعد شملہ معاہدہ ختم ہو چکا ہے، کنٹرول لائن اب دوبارہ سیز فائر لائن بن گئی ہے، پاکستان 1948 کی اصل پوزیشن پر واپس آ چکا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے شملہ معاہدہ اب عملی طور پر ختم ہو چکا ہے اور ہم لائن آف کنٹرول پر 1948 کی سیز فائر لائن والی پوزیشن پر واپس آ چکے ہیں۔ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ شملہ معاہدہ دو ریاستوں کے درمیان تھا، اس میں کسی تیسرے فریق یا عالمی ادارے کی شمولیت شامل نہیں تھی، اور اب اس کی قانونی و عملی حیثیت باقی نہیں رہی۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اور جارحانہ اقدامات نے شملہ معاہدے کی بنیادوں کو خود ہی منہدم کر دیا ہے، اس معاہدے کی تمام شقیں غیر مؤثر ہو چکی ہیں۔

خواجہ آصف کے مطابق 1948 کے بعد جو بھی رائے شماری، سیز فائر یا دیگر اقدامات ہوئے، ان کی حیثیت شملہ معاہدے کے تناظر میں تھی، لیکن اب جب بھارت نے یکطرفہ طور پر راستے بند کیے ہیں تو پاکستان بھی اس معاہدے کو تسلیم نہیں کرتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال کے حوالے سے پاکستان نے پہلے ہی دنیا پر واضح کر دیا تھا کہ اگر بھارت نے اپنی روش نہ بدلی تو معاہدوں کی قدر و قیمت باقی نہیں رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اب جو کنٹرول لائن ہے، وہ دوبارہ سیز فائر لائن بن گئی ہے، جو 1948 میں جنگ بندی کے بعد اصل حالت میں تھی۔

سندھ طاس معاہدے پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ معاہدہ دو فریقین اور ایک عالمی ثالث یعنی ورلڈ بینک کے ذریعے طے پایا تھا، لہٰذا اس سے کسی ایک فریق کا یکطرفہ طور پر نکلنا ممکن نہیں، تاہم انہوں نے بھارت کے آبی رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی مرضی سے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بنتا ہے، کبھی 6 ہزار کیوسک چھوڑتا ہے، کبھی 25 ہزار، جو قابلِ قبول نہیں۔

یاد رہے کہ 1972 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان شملہ معاہدہ طے پایا تھا، جس میں دونوں ممالک نے تمام تنازعات کو پرامن طریقے سے دو طرفہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

تاہم 2019 میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد اس معاہدے کی روح متاثر ہوئی، اور اب پاکستان کی جانب سے اس کی باقاعدہ حیثیت ختم کرنے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter