چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کو درپیش ہر ممکن خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور دفاعِ وطن کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بہاولپور گیریژن کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہیں آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دورے کے دوران خیرپور ٹامیوالی کے علاقے میں جاری جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ ان مشقوں میں جدید جنگی حکمتِ عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے جدید ڈرونز، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز اور جدید سرویلنس ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی جنگوں میں ٹیکنالوجی کلیدی کردار ادا کرے گی اور پاکستان کی افواج اس میدان میں بھی کسی سے پیچھے نہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے روہی ای اسکلز لرننگ حب اور آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور معیاری تعلیم کی فراہمی کو قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فیلڈ مارشل کا مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں کے مطابق تیاری اور جدت پر زور
دورے کے ایک اور مرحلے میں فیلڈ مارشل نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا معائنہ کیا، جہاں انہیں جدید عسکری پلیٹ فارمز کی دیکھ بھال اور مرمت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے تکنیکی عملے کی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر بھی حاضری دی اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں اور قوم ان کی مقروض ہے۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نہ صرف ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں بلکہ اندرونی و بیرونی ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور چوکس ہیں۔
