نیویارک، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان نے جنگ بندی کی کوششوں میں امریکی صدر کے کردار کو سراہا ہے۔
برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مستقل نوعیت کی جنگ بندی کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے، تاہم موجودہ حالات اب بھی حساس اور غیر یقینی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے، جو ایک دیرینہ اور حل طلب تنازع ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کیا جانا ناگزیر ہے۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اسی وقت ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نکالا جائے۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر اور یادگار انداز میں جواب دیا، جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یومِ تشکرکی تقریب کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے خلاف مثالی ردعمل دیا،میڈیا کا کردار قابلِ ستائش اور ذمہ دارانہ تھا، جس پر ہمیں فخر ہے۔