وزیراعظم شہباز شریف کا کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج سے خطاب، کہا مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا زبردست جواب دے کر تاریخ رقم کی، ایئرفورس نے 7 ہائی ویلیو ٹارگٹس کو نشانہ بنایا، معیشت میں بہتری، مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آ گئی۔
کوئٹہ،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا بلکہ پوری صورتحال کا پانسہ پلٹ دیا۔ کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہماری خودمختاری اور سالمیت کی محافظ ہیں اور انہوں نے حالیہ کشیدگی کے دوران تاریخ رقم کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کی خدمات ہمیشہ شاندار رہی ہیں اور دوست ملکوں سے آئے مہمان افسران کی موجودگی ہمارے بہترین بین الاقوامی تعلقات کی غماز ہے، انہوں نے کہا کہ آج روایتی جنگوں کے بجائے مختلف میدانوں میں اہلیت کا امتحان درپیش ہے، بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں جارحیت کی کوشش کی اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا، لیکن پاکستان کی مسلح افواج نے زبردست پیشہ ورانہ ردعمل دیا۔
وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ پاکستان ایئر فورس نے 7 ہائی ویلیو اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، اور یہ کامیابی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور مہارت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں شاندار فتح سے نوازا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جنوبی ایشیا میں امن کو ترجیح دیتے ہوئے جنگ بندی کی امریکی اور دیگر دوست ممالک کی پیشکش قبول کی، کیونکہ ہمارا مقصد خطے میں استحکام ہے، انہوں نے کہا کہ کشیدگی کے باوجود ہماری افواج اور قوم کا حوصلہ بلند ہے اور بھارت کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرے یا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرے۔
معاشی محاذ پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات سے معیشت کو استحکام ملا ہے، اصلاحات کا عمل جاری ہے اور مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے، انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی کا اجراء ہو رہا ہے، اور کراچی پورٹ پر فیس لیس اسیسمنٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کرپشن پر کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی، گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹیکس محصولات میں 28 فیصد اضافہ ہوا، اور ہم اس سرزمین کو دنیا کے لیے ایک ترقی یافتہ مثال بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہترین ہیں اور ہم معاشی، اصلاحاتی اور انسداد دہشتگردی کے ایجنڈے پر پوری سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے نہ صرف مؤثر دفاع کیا بلکہ بھارتی عزائم کو ناکام بنا کر سفارتی اور عسکری دونوں محاذوں پر برتری حاصل کی، جس پر عالمی سطح پر بھی پاکستان کی حکمت عملی کو سراہا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کے علاوہ، وزیرِ اعظم کے ہم منصب بلاول بھٹو زرداری نے بھی بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوششوں کے خلاف سخت وارننگ جاری کی ہے، جس کا مکمل تفصیل یہاں پڑھیے۔