154
اسلام آباد،جنگ بندی کے بعد پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن کے ذریعے ایک بار پھر رابطہ قائم ہوا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق، خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے ڈی جی ایم او میجر جنرل کاشف عبداللہ اور بھارت کے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائے کے درمیان گفتگو ہوئی، جس میں جنگ بندی اور دیگر سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے 10 مئی کی سہ پہر دونوں افواج کے اعلیٰ حکام کے درمیان رابطہ ہوا تھا، جس میں فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اس رابطے میں طے پایا تھا کہ زمینی، فضائی اور سمندری سطح پر ہر قسم کی فائرنگ اور فوجی سرگرمیاں بند کر دی جائیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ بندی کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک نے کسی تیسرے فریق کی ثالثی میں مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی تھی۔