بدھ, 4 جون , 2025

بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات تشویشناک، امن کو خطرہ لاحق ہے: دفتر خارجہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

دفتر خارجہ نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خطے میں عدم استحکام کا باعث ہے، مسئلہ کشمیر بنیادی تنازع ہے جسے نظرانداز کرنا تباہ کن ہو سکتا ہے۔

latest urdu news

اسلام آباد، دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی قیادت اور وزارت خارجہ کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کو انتہائی خطرناک اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات بھارتی قیادت کی تشویشناک ذہنیت اور امن دشمن سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو علاقائی عدم استحکام کا ذمہ دار قرار دینا نہ صرف حقیقت سے انحراف ہے بلکہ دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے، کیونکہ عالمی برادری بخوبی جانتی ہے کہ خطے میں عدم استحکام کا اصل منبع کون ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت خود پاکستان کے اندر دہشتگردی کو سپورٹ کرتا رہا ہے اور اس کے ٹھوس شواہد پاکستان نے دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔ بھارت اپنے کھوکھلے بیانیے اور الزامات سے اصل حقائق نہیں چھپا سکتا۔

بیان میں مسئلہ کشمیر کو خطے میں پائیدار امن کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس دیرینہ تنازع کو پس پشت ڈالنے کی کوششیں جنوبی ایشیا کو بداعتمادی، کشیدگی اور تصادم کے خطرناک راستے پر ڈال سکتی ہیں۔ پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس مسئلے کے منصفانہ حل کی حمایت کرتا رہے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور تعمیری تعلقات کے لیے پرعزم ہے، تاہم وہ کسی بھی جارحیت یا غلط فہمی پر مبنی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف اسی صورت ممکن ہے جب بھارت سنجیدگی، برداشت اور حقیقت پسندی کے ساتھ تنازعات کے حل کی جانب بڑھے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے ماضی میں بھی پاکستان پر الزامات لگائے جاتے رہے ہیں، تاہم پاکستان نے ہمیشہ امن، مذاکرات اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیا ہے۔ حالیہ بیانات ایک بار پھر خطے کے امن کو لاحق خطرات کی سنگین یاددہانی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter