پاک افغان سرحد پر کشیدہ صورتحال میں اس وقت ڈرامائی موڑ آیا جب افغانستان کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 19 افغان پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ کارروائیاں رات گئے تک جاری رہیں اور پاکستان نے ان تمام چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا جہاں سے پاکستان کی حدود میں حملے کیے جا رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پوسٹوں پر تعینات متعدد افغان طالبان اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ باقی سپاہی پوزیشنیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ کئی مقامات سے طالبان کے چھوڑے گئے ہتھیار، یونیفارمز اور لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
ایک اہم پیشرفت میں، ایک طالبان سپاہی کی پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے، جس نے اس کارروائی کی سنگینی کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، افغانستان کی عبوری حکومت نے پاکستان سے رابطہ کر کے جوابی کارروائی روکنے کی اپیلیں شروع کر دی ہیں، تاہم پاکستان کی جانب سے ابھی کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
افغان سرحد پر پاکستان کی مؤثر کارروائی، طالبان کے ٹینک اور پوسٹس تباہ
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان سرحد پر یہ آپریشن پاک فوج کی حالیہ تاریخ کی ایک بڑی عسکری کامیابی قرار دی جا رہی ہے، جس نے نہ صرف دشمن کو مؤثر پیغام دیا بلکہ سرحدی سلامتی کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا۔