ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع میں کی جانے والی ہر کارروائی اعلانیہ طور پر کرتا ہے اور کبھی بھی سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بناتا۔
آئی ایس پی آر کی بریفنگ میں ڈی جی احمد شریف نے کہا کہ پاکستان کی نظر میں گڈ یا بیڈ طالبان جیسی کوئی تفریق موجود نہیں
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف ہے۔ طالبان حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کی طرح فیصلے کرے، نان اسٹیٹ ایکٹرز کی طرح نہیں، اور یہ بھی سوال اٹھایا کہ طالبان حکومت کب تک عبوری رہے گی؟
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا استعمال ہوا، جن پر فوری پابندی لگانا ضروری ہے۔
فیض حمید کے ٹرائل سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ترجمان نے کہا کہ یہ قانونی معاملہ ہے، اس پر قیاس آرائی نہ کی جائے، اور جب فیصلہ مکمل ہوگا تو عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
