پاک فوج کا تاریخی کارنامہ: خاتون کے عطیہ کردہ قرنیہ سے دو سپاہیوں کی بینائی بحال

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان میں میڈیکل تاریخ کا ایک انمول اور انسانیت سے بھرپور باب اس وقت رقم ہوا جب راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف اوپتھامولوجی (AFIO) کے ماہر سرجنز نے ایک خاتون کے عطیہ کردہ قرنیہ (cornea) سے دو بہادر سپاہیوں کی بینائی بحال کر دی۔

latest urdu news

یہ کامیاب پیوند کاری (ٹرانسپلانٹ) مرحومہ مسز سید ظفر مہدی عسکری کی وصیت پر عمل کرتے ہوئے کی گئی، جنہوں نے زندگی میں ہی اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ ان کے عطیہ کردہ قرنیہ 30 سالہ سپاہی علی اللہ اور 26 سالہ سپاہی فلک شیر کی آنکھوں میں کامیابی سے منتقل کیے گئے۔ دونوں سپاہی دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کے دوران شدید زخمی ہو کر بینائی سے محروم ہو گئے تھے۔

ماہر سرجنز نے جدید ترین طبی آلات اور مہارت کے ذریعے یہ پیچیدہ سرجری مکمل کی۔ کامیابی کے بعد دونوں سپاہی نہ صرف اپنی بینائی دوبارہ حاصل کر چکے ہیں بلکہ ان کے چہروں پر زندگی کی خوشی ایک بار پھر لوٹ آئی ہے۔

اس موقع پر میجر جنرل (ر) سید ظفر مہدی عسکری کی صاحبزادی زہرا مہدینے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا،

"یہ ہمارے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے کہ والدہ کی آنکھیں دو بہادر فوجیوں کو عطیہ کی گئیں۔ یہ قربانی ہمارے خاندان کے لیے صدقہ جاریہ بن گئی ہے۔”

پاک فوج کے ترجمان نے اے ایف آئی او کے طبی ماہرین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس کامیابی کو طب، انسانیت اور ایثار کی شاندار مثال قرار دیا۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن پاکستان میں بینائی کی بحالی کے میدان میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے، اور یہ عوام میں اعضاء کے عطیات سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

AFIO کے مطابق ادارہ اب اس کامیابی کو بنیاد بنا کر قومی سطح پر آنکھوں کے عطیات کی مہم شروع کرنے جا رہا ہے، تاکہ بصارت سے محروم زیادہ سے زیادہ افراد کو نئی زندگی دی جا سکے۔

یہ واقعہ نہ صرف طب کے شعبے کی کامیابی ہے بلکہ اس نے یہ ثابت کر دیا کہ انسانیت، قربانی اور نیکی کے جذبے سے دنیا کو روشن کیا جا سکتا ہے — بالکل ویسے ہی جیسے دو سپاہیوں کی آنکھوں نے اب روشنی دیکھنا شروع کی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter