پاک فوج کے بیڑے میں جدید Z-10ME ہیلی کاپٹر کی شمولیت: اپاچی کے ہم پلہ صلاحیتوں کا حامل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاک فوج نے اپنے فضائی بیڑے میں چین کا تیار کردہ جدید اٹیک ہیلی کاپٹر Z-10ME شامل کر لیا ہے، جسے امریکی ساختہ اپاچی ہیلی کاپٹر کے ہم پلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر ہر موسم اور دن و رات میں درست نشانہ لگانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، اور اس کی شمولیت کو پاکستان آرمی ایوی ایشن کے لیے ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔

latest urdu news

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی موجودگی میں شمولیت کی تقریب

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ ملتان گیریژن کے دورے کے موقع پر اس ہیلی کاپٹر کو باضابطہ طور پر پاک فوج کے بیڑے میں شامل کیا گیا۔ اس موقع پر مظفرگڑھ فائرنگ رینج میں Z-10ME کی فائر پاور کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، جسے اعلیٰ عسکری قیادت نے سراہا۔

جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں سے لیس

Z-10ME نہ صرف جدید ویپن سسٹمز سے لیس ہے بلکہ اس میں ملٹی موڈ ریڈار، نائٹ ویژن، اور ایڈوانسڈ الیکٹرانک وارفیئر سسٹم بھی شامل ہیں۔ ہیلی کاپٹر میں چھ مختلف ہتھیار نصب کرنے کے پوائنٹس موجود ہیں، جن پر ائیر ٹو ائیر، ائیر ٹو گراؤنڈ میزائلز اور راکٹس نصب کیے جا سکتے ہیں۔ یہ تین ٹن تک ہتھیار یا وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

خصوصی میزائل CM-501XA کی صلاحیتیں

اس ہیلی کاپٹر کو نمایاں بنانے والا اہم ہتھیار CM-501XA کروز میزائل ہے، جو نہ صرف جاسوسی بلکہ ٹارگٹڈ حملوں کے لیے بھی استعمال ہو سکتا ہے۔ یہ میزائل دشمن کے حساس اور متحرک اہداف کو ریموٹ کنٹرول لنک کے ذریعے فوری طور پر نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاک فوج میں جدید ترین Z-10ME ہیلی کاپٹر کی شمولیت، فیلڈ مارشل کا آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار

ڈرون لانچنگ کی صلاحیت: SW-6 UAV

Z-10ME میں SW-6 UAV نصب کیا جا سکتا ہے، جو ایک چھوٹا بغیر پائلٹ ڈرون ہے۔ یہ ڈرون ایک گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے اور 5 کلوگرام تک اضافی بوجھ اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو انفرادی آپریشنز میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

آبدوز شکن نظام: ET60 تارپیڈو کی شمولیت

یہ ہیلی کاپٹر اینٹی سب میرین وارفیئر میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس میں ET60 لائٹ ویٹ تارپیڈو نصب کیا جا سکتا ہے، جس کی رینج 25 کلومیٹر اور رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

دیگر جدید میزائلز اور راکٹس کی مطابقت

Z-10ME پر TY-90 ائیر ٹو ائیر میزائلز، CM-502AG ائیر ٹو گراؤنڈ میزائلز اور گائیڈڈ و ان گائیڈڈ راکٹس بھی نصب کیے جا سکتے ہیں، جو اسے ایک مکمل جنگی مشین بناتے ہیں۔

طاقتور انجن اور بہتر آپریشنل کارکردگی

اس جدید ہیلی کاپٹر میں نصب نیا انجن پچھلے ورژن کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ طاقتور ہے، جو 1300 کلو واٹ توانائی فراہم کرتا ہے۔ اس سے نہ صرف پرواز کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے بلکہ لوڈ اٹھانے کی صلاحیت اور مشکل جغرافیائی حالات میں آپریٹنگ کی صلاحیت بھی بڑھ جاتی ہے۔

انجن سسٹمز میں جدید تبدیلیاں

ہیلی کاپٹر کے انجن انٹیک اور ایگزاسٹ سسٹمز کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے تاکہ انفراریڈ سگنیچر کم ہو سکے اور دشمن کے میزائل حملوں سے بچاؤ ممکن ہو۔ ان تبدیلیوں کے باعث یہ ہیلی کاپٹر ریگستانی علاقوں اور مٹی کے طوفان میں بھی مؤثر طریقے سے کام کر سکتا ہے۔

جدید دور کا خطرناک ترین اٹیک ہیلی کاپٹر

یہ تمام خصوصیات Z-10ME کو دنیا کے جدید اور خطرناک ترین اٹیک ہیلی کاپٹرز کی صف میں لا کھڑا کرتی ہیں۔ اس کی شمولیت پاک فوج کی آپریشنل صلاحیتوں کو ایک نئی جہت فراہم کرے گی اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ بنائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter