پاک فوج میں جدید ترین Z-10ME ہیلی کاپٹر کی شمولیت، فیلڈ مارشل کا آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملتان، 2 اگست 2025: پاک فوج نے اپنی جنگی صلاحیت میں ایک اور اہم اضافہ کر لیا ہے، جہاں جدید ٹیکنالوجی سے لیس Z-10ME ہیلی کاپٹر کو پاکستان آرمی ایوی ایشن میں باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا۔ یہ ہیلی کاپٹر ہر موسم اور دن و رات کے کسی بھی وقت ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا اور اس موقع پر منعقدہ شمولیتی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران مظفرگڑھ فائرنگ رینج میں Z-10ME ہیلی کاپٹر کی فائرنگ مشقوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں مشترکہ ہتھیاروں کی حکمتِ عملی کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے اس مظاہرے کو سراہتے ہوئے فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

latest urdu news

آئی ایس پی آر کے مطابق، Z-10ME ہیلی کاپٹر جدید ریڈار سسٹم، الیکٹرانک وارفیئر اور نائٹ اسٹرائیک کی صلاحیت سے لیس ہے، جو کہ اسے فضائی اور زمینی اہداف کے خلاف مؤثر ہتھیار بناتا ہے۔ اس کی شمولیت کو آرمی ایوی ایشن کے جدید خطوط پر استوار ہونے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

فیلڈ مارشل کی ملتان گیریژن آمد پر کور کمانڈر ملتان نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، جس پر فیلڈ مارشل نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی جوانوں کی مہارت، جذبے اور تیاری کی تعریف کی۔

مزید یہ کہ فیلڈ مارشل نے تعلیمی شعبے سے وابستہ ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، جس میں قومی یکجہتی، سول ملٹری تعلقات کی مضبوطی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ جہت قومی حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter