گلگت بلتستان کے علاقے تھکداس کے قریب پاک فوج کا ایک تربیتی ہیلی کاپٹر افسوسناک حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو افسران سمیت پانچ اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا، جب آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تھکداس کینٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا جب اسے فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث وہ زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔ اس افسوسناک واقعے میں پائلٹ ان کمانڈ میجر عاطف، کو پائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر نے شہادت کا رتبہ پایا۔ تمام شہداء نے قومی فریضے کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاک فوج کی تربیتی پروازیں دفاعی تیاری کے علاوہ ہنگامی امداد، ریسکیو مشنز اور قدرتی آفات میں مدد کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔
ایسے تربیتی مشن پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہمہ وقت تیار رہنے کے عزم کا مظہر ہوتے ہیں۔ ادارے نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان سپوتوں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان بہادر افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، جو ہر لمحہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔