جمعرات, 8 مئی , 2025

پاک فضائیہ کی کامیاب کارروائی کے بعد چینی طیارہ ساز کمپنی کے شیئرز میں نمایاں اضافہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی کے بعد جنگی طیارے بنانے والی چینی کمپنی "چینگ ڈو ایئر کرافٹ کارپوریشن” کے شیئرز کی قیمت میں 18.18 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، یہ اضافہ ان طیاروں سے بھارتی جنگی طیاروں کو نشانہ بنانے کے بعد دیکھنے میں آیا ہے۔

latest urdu news

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جے ایف-17 اور جے 10 سی طیاروں کی مؤثر کارکردگی نے عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق بین الاقوامی سطح پر پاکستانی طیاروں کی تکنیکی مہارت کو سراہا جا رہا ہے۔

پاکستان اس وقت 168 جے ایف-17 تھنڈر طیارے استعمال کر رہا ہے، جو چین کے اشتراک سے تیار کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے پاس 25 جے 10 سی جنگی طیارے بھی موجود ہیں، جنہیں 2021 میں رافیل طیاروں کا توڑ سمجھ کر حاصل کیا گیا تھا۔

دوسری طرف، بھارت کی جانب سے استعمال ہونے والے فرانسیسی رافیل طیاروں کی بنانے والی کمپنی "ڈسالٹ ایوی ایشن” کو نقصان اٹھانا پڑا۔ کمپنی کے شیئرز میں 1.64 فیصد کمی دیکھی گئی، حالانکہ گزشتہ پانچ دنوں میں ان کی قدر میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان کے مختلف علاقوں پر میزائل حملے کیے، جس پر پاک فضائیہ نے بھرپور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے دشمن کے 5 جنگی طیارے اور 3 ڈرونز مار گرائے۔ ان میں فرانسیسی ساختہ 3 جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔

پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارت کی متعدد چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا، جن کی ویڈیوز ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ کے دوران پیش کی گئیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے وضاحت کی کہ پاکستان نے بھارتی حملے کا جواب دفاعی نوعیت میں دیا اور ملک یہ حق رکھتا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا جواب مناسب وقت اور مقام پر دے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter