نیویارک میں قونصلیٹ جنرل کی نئی سروس ایریا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اب ایف بی آر کی جانب سے فائلرز تسلیم کیا جائے گا۔
ان کے مطابق اس فیصلے سے اوورسیز پاکستانیوں کے بینکنگ اور کاروباری معاملات میں آسانی پیدا ہوگی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی حکومت کا فخر ہیں اور وہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے، جن میں خصوصی عدالتوں کا قیام، ویڈیو لنک کے ذریعے شہادت کا نظام اور آن لائن درخواستوں کی سہولت شامل ہے تاکہ انہیں مقدمات کی پیروی کے لیے پاکستان آنے کی ضرورت نہ پڑے۔
تین سال میں 28 لاکھ سے زائد پاکستانی بیرون ملک منتقل، خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے لیے میڈیکل کالجز اور جامعات میں خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں ریونیو سہولت مراکز قائم کیے جا چکے ہیں۔ مزید یہ کہ ہوائی اڈوں پر گرین چینل کی سہولت بھی دوبارہ بحال کی جا رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو باوقار، موثر اور تیز خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے وطن سے جڑے رہیں اور اعتماد کے ساتھ اپنا کردار ادا کر سکیں۔