ایران-اسرائیل جنگ کے دوران ایران میں پھنسے 7 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پاک فوج نے گوادر بارڈر پر جامع انتظامات کیے، سیکیورٹی، طبی سہولیات، رہائش اور دستاویزی مدد فراہم کی گئی۔
اسلام آباد، ایران اور اسرائیل کے مابین حالیہ جنگ کے دوران ایران میں محصور ہو جانے والے 7 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کا کامیاب مشن پاک فوج کی زیرِ نگرانی مکمل کر لیا گیا۔ محصور افراد میں بڑی تعداد میں طلبا اور زائرین شامل تھے، جو غیر یقینی اور خطرناک صورتِ حال میں پھنسے ہوئے تھے۔
پاکستانی فوج نے گوادر کے سرحدی علاقے پر خصوصی انتظامات کرتے ہوئے شہریوں کی وطن واپسی کو ممکن بنایا۔ فوج نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایف آئی اے اور کسٹمز کے ساتھ مل کر سیکیورٹی، رہائش، طبی امداد اور ٹرانسپورٹ سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کیں۔
دستاویزی کارروائیوں کو سہل بنایا گیا تاکہ ہر شہری کو تیزی اور آسانی سے وطن داخلے کی اجازت دی جا سکے۔ اس موقع پر گوادر بارڈر قومی یکجہتی اور فلاح کا مرکز بن گیا، جہاں پاک فوج کے جوانوں نے ہر فرد کی خدمت بے لوث جذبے سے انجام دی۔
محفوظ راستوں کے ذریعے تمام پاکستانیوں کو ان کے گھروں تک پہنچایا گیا، جس پر واپسی کرنے والے شہریوں نے پاک فوج اور ریاستی اداروں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وطن اور افواجِ پاکستان نے مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا۔
پاک فوج کی اس کاوش نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ ملک کی مسلح افواج نہ صرف سرحدوں کی محافظ ہیں بلکہ قوم کے ہر فرد کے لیے تحفظ اور خدمت کا جذبہ رکھتی ہیں۔
یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی شہروں میں کشیدگی اور بمباری کے باعث کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو واپس بلایا۔ پاکستان میں بھی صورتِ حال کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کیے گئے تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔ پاک فوج کی سربراہی میں یہ قومی مشن کامیابی سے مکمل ہوا، جس کی عالمی سطح پر بھی پذیرائی کی جا رہی ہے۔