وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی سے متعلق اجلاس میں اہم پیش رفت پر بریفنگ دی گئی، جس کے مطابق 16 اکتوبر 2025 تک 14 لاکھ 77 ہزار 592 غیر قانونی افغان باشندوں کو واپس افغانستان بھیجا جا چکا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ افغان مہاجرین کی جلد اور منظم واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ایگزٹ پوائنٹس کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے تاکہ واپسی کا عمل تیز ہو سکے۔
بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ غیر قانونی افغان مہاجرین کو کسی بھی قسم کی اضافی مہلت نہیں دی جائے گی۔ صرف ویزا رکھنے والے افغان باشندوں کو پاکستان میں قیام کی اجازت ہوگی۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی مذاکرات آج قطر میں ہوں گے
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کو پناہ دینا اور گیسٹ ہاؤسز میں قیام کی اجازت دینا قانوناً جرم ہے، اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ غیر قانونی افغانوں کی نشاندہی کا عمل جاری ہے، جس میں عوام کی شراکت داری کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے دوران واضح ہدایات جاری کیں کہ افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے دوران باعزت سلوک کیا جائے، اور عملے کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ انسانی وقار مجروح نہ ہو۔