راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے وارنٹ گرفتاری کے باوجود پیش نہ ہونے پر سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف سخت اقدامات کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ان کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک کرنے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں نومبر احتجاج کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ مقدمے میں دس ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علیمہ خان غیر حاضر رہیں۔ عدالت نے علیمہ خان کے مچلکے ضبط کر لیے اور ان کے ضامن کی پیش کردہ جائیداد قرق کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ “ملزمہ ہر جگہ نظر آتی ہے مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتی، ان کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔” سماعت اب 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے علیمہ خان کی ایف آئی اے انکوائری کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی
عدالت نے ڈی جی نادرا کو علیمہ خان کا قومی شناختی کارڈ، ڈی جی پاسپورٹ کو پاسپورٹ بلاک کرنے اور گورنر اسٹیٹ بینک کو تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ہدایت جاری کی۔
یاد رہے کہ عدالت نے 22 اکتوبر کو علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ پولیس کی جانب سے مبینہ غلط رپورٹ جمع کرانے پر عدالت نے ایس پی راول ڈویژن سعد ارشد اور ڈی ایس پی نعیم کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب بھی کیا ہے۔
عدالت کے مطابق پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ علیمہ خان چھپ گئی ہیں، تاہم وہ اڈیالہ جیل میں موجودگی کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی فعال دکھائی دے رہی ہیں۔ اس سے قبل 14 اور 20 اکتوبر کو بھی عدالت ان کے وارنٹ جاری کر چکی ہے۔
