اپوزیشن اتحاد نے آئین کی بحالی کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آج پارلیمنٹ ہاؤس سے سپریم کورٹ تک احتجاجی واک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا حکومت اور سکیورٹی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر حکومت عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے مخالفین کے خلاف مقدمات بنانے اور ’’غیرآئینی ترامیم‘‘ لانے میں مصروف ہے۔
مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ "یہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ کن وقت ہے، ہمیں آنے والی نسلوں کو بچانے کے لیے گھروں سے نکلنا ہوگا۔”
ادھر لاہور ہائیکورٹ بار کے جنرل ہاؤس اجلاس میں وکلا نے بھی 27ویں ترمیم کے خلاف شدید احتجاج کیا اور جی پی او چوک سے ججز گیٹ تک ریلی نکالی۔ اس موقع پر سینئر وکیل سلمان اکرم راجا نے خطاب میں کہا کہ قوم کو اپنی نسلوں کے مستقبل کے لیے اٹھ کھڑے ہونا ہوگا، اب خاموش رہنے کا وقت نہیں رہا۔
اپوزیشن کی اس نئی تحریک کے آغاز کے ساتھ ہی ملک کی سیاسی فضا مزید گرم ہو گئی ہے۔
