کراچی، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ سندھ کے پانی کے تحفظ کے لیے ہم ہر اول دستے کی طرح کھڑے رہے، اور متنازعہ نہروں کے خلاف سندھ کے عوام کی پرعزم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
عمر ایوب نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں دریائے سندھ بچاؤ تحریک، اپوزیشن جماعتوں، وکلا برادری اور حلیم عادل شیخ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ چھ ماہ پہلے ہم نے قومی اسمبلی میں سندھ کے پانی پر مجوزہ قبضے کے خلاف آواز بلند کی تھی اور انتخابی عمل سے چند گھنٹے پہلے ہونے والی ایکنک کی میٹنگ میں سندھ کے پانی کو چولستان منتقل کرنے کی اجازت دی گئی۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ آٹھ جولائی 2024 کو سابق صدر آصف علی زرداری نے گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں اس منصوبے کی منظوری دی گئی، جس کے ثبوت ہم پہلے ہی قوم کے سامنے رکھ چکے ہیں۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ سندھ کے پانی کے تحفظ کے لیے ہم چٹان کی مانند ڈٹے رہے اور اپوزیشن جماعتوں اور وکلا نے اس جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے بتایا کہ متنازعہ نہروں کی تعمیر سے متعلق فیصلہ فی الحال مشترکہ مفادات کونسل نے مؤخر کر دیا ہے۔