بدنامِ زمانہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ساہیوال میں سی سی ڈی ٹیم پر حملے کے دوران 40 مقدمات میں مطلوب ڈاکو بلال عرف بلا فائرنگ کے تبادلے میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ساہیوال، سی سی ڈی (کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ) کی بروقت کارروائی کے دوران پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب ایک بدنامِ زمانہ اشتہاری ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب سی سی ڈی کی ٹیم خفیہ اطلاع پر اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے روانہ تھی کہ راستے میں تین مسلح افراد نے اہلکاروں پر اچانک فائرنگ کر دی۔

latest urdu news

پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ اسی دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ڈاکو کی شناخت محمد بلال عرف بلا کے نام سے ہوئی ہے، جو علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

ساہیوال پولیس کے ترجمان کے مطابق محمد بلال عرف بلا کے خلاف قتل، ڈکیتی، اغوا اور پولیس مقابلوں سمیت تقریباً 40 سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ ملزم کی گرفتاری کو پولیس نے بڑی کامیابی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کی گرفتاری سے علاقے میں جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچے گا۔

گجرات میں سی سی ڈی کے ایک ہی رات کے 2 پولیس مقابلے

گرفتار ملزم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کی نگرانی سخت سیکیورٹی میں کی جا رہی ہے، جبکہ اس کے دیگر دو ساتھیوں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ساہیوال اور گردونواح میں ڈاکو بلا کئی سالوں سے جرائم کی دنیا میں سرگرم تھا، اور عوام اس کے نام سے خوفزدہ تھے۔ اس کی گرفتاری سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter