شمالی وزیرستان: پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 3 ہلاک، 1 اہلکار شہید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

شمالی وزیرستان: خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں کالعدم تنظیم "فتنۃ الخوارج” کے دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ حملے کے دوران تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک بہادر پولیس اہلکار نظام اللہ دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گیا۔

latest urdu news

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی تاہم مستعد اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا کر دیا۔ جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک کر دیے گئے۔

واقعے کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فورسز نے جس پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، وہ قابلِ فخر ہے۔

جنوبی وزیرستان میں دفعہ 144 نافذ ، نقل و حرکت پر پابندی

وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر تمام فورسز کو سلام پیش کیا اور شہید پولیس اہلکار نظام اللہ کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ "فتنہ الخوارج” جیسے عناصر ملک کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہیں، مگر ہمارے بہادر جوان ان کے سامنے فولادی دیوار بنے ہوئے ہیں۔ شہید اہلکار کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اور ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عمل جاری رہے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter