شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے گاؤں عیسوڑی میں ایک مدرسے کے اندر دھماکے کے نتیجے میں دو بچوں کی موت ہوگئی جبکہ آٹھ بچے زخمی ہوئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ خوارج کے چھوڑے گئے بارودی مواد کے ساتھ کھیلنے کے دوران پیش آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوارج نے سکیورٹی فورسز کے راستے روکنے کے لیے بارودی سرنگیں بچھائی تھیں۔ دھماکے کے بعد مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
بنوں: میرانشاہ روڈ پر حملہ، اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید
خیبر پختونخوا میں تقریباً 114 مربع کلومیٹر کے علاقے میں بارودی مواد اور سرنگوں کی نشاندہی کی گئی تھی، جن میں سے پاک فوج نے 82 مربع کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کر دیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق باقی ماندہ علاقے کی ڈی مائننگ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔
