انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، کنول شوزب اور چوہدری آصف سمیت 14 ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
یہ پیش رفت 9 مئی کے واقعات سے جڑے مقدمات کی سماعت کے دوران سامنے آئی، جن میں جی ایچ کیو حملہ کیس بھی شامل ہے۔ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
پراسیکیوشن کے مطابق، تمام 14 ملزمان نے ضمانت کے باوجود پیشی سے گریز کیا اور بعض عدالتوں سے سزا یافتہ ہو کر روپوش ہیں۔ دوران سماعت، ملزمان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس کی مخالفت پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کی۔
ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے خود کو الگ رکھا ہوا ہے، لہٰذا ان کی ضمانتیں خارج کر کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں۔ عدالت نے ان کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان واقعات پر درجنوں مقدمات درج ہوئے، جن میں پی ٹی آئی کے کئی رہنما مرکزی ملزم نامزد ہیں۔
عدالت نے مزید کارروائی کے لیے سماعت 3 ستمبر 2025 تک ملتوی کر دی۔