آئی ایم ایف کا بجٹ پر کوئی دباؤ نہیں، دفاعی اخراجات بڑھیں گے اور عوام کو ریلیف ملے گا: احسن اقبال

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی طرف سے کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ حکومت نہ صرف دفاعی بجٹ میں اضافہ کرے گی بلکہ عوام کو ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوشن آف انجنیئرز پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر ضمیر کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

latest urdu news

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت بجٹ کی تیاری میں ایسے کسی اقدام سے گریز کرے گی جو قومی اتحاد یا یگانگت کو متاثر کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سکیورٹی حالات کے پیش نظر دفاعی اخراجات بڑھانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم سمیت تمام اہم آبی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ بھارت ان منصوبوں کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

دوسری جانب، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف پر مکمل اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بجٹ تجاویز پر بات چیت آئندہ دنوں میں جاری رہے گی۔ مذاکرات کے دوران مہنگائی میں کمی، ٹیکس آمدن میں اضافہ، اور اقتصادی اصلاحات کے تسلسل پر زور دیا گیا۔

آئی ایم ایف وفد نے، جس کی قیادت نیتھن پورٹر کر رہے تھے، زور دیا کہ پاکستان کو آئندہ مالی سال کے دوران پرائمری سرپلس کو جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک لانے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر کی بحالی اور شرح مبادلہ میں لچک دکھانا بھی ضروری ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے مالیاتی استحکام اور سماجی اخراجات کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا ہے، اور قرض پروگرام میں اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

نارووال میں احسن اقبال نے کہا کہ جنگیں صرف اعداد و شمار سے نہیں بلکہ جذبے، صلاحیت اور حکمتِ عملی سے جیتی جاتی ہیں، اور حالیہ واقعات میں پاکستان کی افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر یہ ثابت کر دیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter