چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر اور تفرقہ انگیز سوچ کے خلاف نمٹنے کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے اور ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ گیریژنز کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشنز کی آپریشنل تیاری، دفاعی صلاحیتوں اور جنگی استعداد کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز نے فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز کا مشاہدہ کیا اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور مجموعی تیاری کو سراہتے ہوئے اسے پاک فوج کے اعلیٰ معیار کا مظہر قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ جنگی ماحول میں تیز رفتار ردعمل، درست نشانہ بازی، مؤثر حالات سے آگاہی اور بروقت فیصلہ سازی فیصلہ کن اہمیت رکھتی ہے، اور پاک فوج ان تمام تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی جنرل سے ملاقات
چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے براہِ راست گفتگو بھی کی اور ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ جذبے اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سخت اور مشن پر مبنی تربیت ہی کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی بنیاد ہوتی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج اندرونی اور بیرونی خطرات، انتہا پسند نظریات اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
