جھنگ: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ سیاست میں بیعت کا کوئی تصور نہیں ہوتا، بلکہ پارٹی کے کارکن اپنے قائدین کے نظریات اور سیاسی فکر کی بنیاد پر ان کے ساتھ چلتے ہیں۔
جھنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جمہوری نظام میں اختلافِ رائے کو برداشت کرنا اور نظریات کی بنیاد پر سیاست کرنا ہی اصل جمہوریت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبائی حکومتوں کو بلدیاتی نظام عوامی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے تشکیل دینا چاہیے تاکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہو سکیں۔
جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ نئے صوبوں کی بات کرنے سے پہلے یہ سوچنا ہوگا کہ آیا ملک کی موجودہ معروضی صورتِ حال صوبوں کی تقسیم کے لیے سازگار بھی ہے یا نہیں۔ ان کے مطابق ایسے فیصلے عجلت میں کرنے کے بجائے قومی مفاد اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
پی ٹی آئی سے مذاکرات محض بیان بازی، عملی رابطہ نہیں ہوا: مولانا فضل الرحمان کا موقف
مولانا فضل الرحمٰن نے سیاست میں اخلاقیات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گالی گلوچ کی سیاست کسی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف نے ہمیشہ اعتدال، برداشت اور شائستگی کے ساتھ سیاست کی ہے اور آئندہ بھی اسی طرزِ عمل کو برقرار رکھا جائے گا۔
