شہر قائد کے علاقے نیو کراچی سیکٹر الیون ڈی میں ایک کار شوروم پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ بھتہ خوروں سے متعلق گینگ وار کا شاخسانہ ہے، تاہم خوش قسمتی سے فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق ملزمان شوروم کے مالک سے 60 لاکھ روپے بھتہ طلب کر رہے تھے اور اس سے قبل بھتے کی پرچی بھی دی جا چکی تھی۔ شوروم کے مالک نے پہلے ہی دھمکیوں کے خلاف نیو کراچی تھانے میں مقدمہ درج کرا رکھا تھا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث افراد کا تعلق مبینہ طور پر صمد کاٹھی واری گروپ سے بتایا جا رہا ہے۔ ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے اور واقعے کے بعد فرار ہو گئے۔
کراچی: معمولی تلخ کلامی پر سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ، ایک شخص جاں بحق
پولیس نے جائے وقوعہ پر شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ حملے میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کو دیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
