اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی بنیادی قیمتوں میں اوسطاً 1 روپے 14 پیسے فی یونٹ کمی کا فیصلہ جاری کر دیا ہے، تاہم یہ ریلیف صرف مخصوص صارفین کو حاصل ہوگا، کیونکہ لائف لائن صارفین کو اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
نیپرا نے فیصلہ وفاقی حکومت کو نوٹیفکیشن کے لیے ارسال کر دیا ہے، جس کے بعد اس پر باضابطہ عملدرآمد متوقع ہے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے عام صارفین کے لیے نرخ 10 روپے 54 پیسے فی یونٹ اور 101 سے 200 یونٹ والے صارفین کے لیے 13 روپے 01 پیسہ فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں فرق موجود ہے، 100 یونٹس تک 22 روپے 44 پیسے، 101 سے 200 یونٹس پر 28 روپے 91 پیسے، جبکہ 201 سے 300 یونٹس تک 33 روپے 10 پیسے فی یونٹ چارج کیے جائیں گے، 300 یونٹس سے زائد بجلی استعمال کرنے والے ٹی او یو نان پروٹیکٹڈ صارفین کو 41 روپے 78 پیسے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے۔
کمرشل، صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے بھی نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے،کمرشل صارفین 45 روپے 43 پیسے، جنرل سروسز صارفین 43 روپے 17 پیسے، صنعتی صارفین 33 روپے 48 پیسے، زرعی صارفین 30 روپے 75 پیسے، جبکہ بلک صارفین 41 روپے 76 پیسے فی یونٹ کے حساب سے ادائیگی کریں گے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس کمی کا بنیادی مقصد صارفین کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے، تاہم لائف لائن صارفین اس رعایت سے محروم رہیں گے کیونکہ ان کے لیے پہلے سے ہی سبسڈی اسکیمیں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوامی مشکلات کا سبب بنا رہا ہے اور حکومت پر مسلسل دباؤ ہے کہ صارفین کو ریلیف دیا جائے۔ نیپرا کے حالیہ فیصلے کو جزوی ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم لائف لائن صارفین کو اس سے محروم رکھے جانے پر تنقید بھی سامنے آ سکتی ہے۔