اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کا فیصلہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے مالی سال 2024 سے 2030 تک کے لیے کے الیکٹرک کے ملٹی ائیر ٹیرف (Multi-Year Tariff) کی نظرِثانی کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا ہے۔
فیصلے کے تحت کے الیکٹرک کا اوسط ٹیرف 39.97 روپے فی یونٹ سے کم کر کے 32.37 روپے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔
نیپرا حکام کے مطابق، رائٹ آف کلیمز سے متعلق نیپرا کا سابقہ فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے، جب کہ نیا فیصلہ کے الیکٹرک کے جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی کے تمام پہلوؤں سے متعلق ہے۔
تاہم نیپرا کے فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رائٹ آف کلیمز کی مد میں صارفین پر 50 ارب روپے کا بوجھ برقرار رہے گا۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی نیپرا کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق، فیصلہ کے الیکٹرک کے مختلف آپریشنز کے پہلوؤں پر محیط ہے اور کمپنی اس معاملے پر تمام قانونی راستے اختیار کرے گی۔