کراچی میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے نیپرا نے 270 میگاواٹ کے دو نئے سولر پروجیکٹس کی منظوری دے دی، جو دیہہ ہلکانی اور دیہہ میٹھا گار میں لگائے جائیں گے۔
کراچی،توانائی کے شعبے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے لیے 270 میگاواٹ کے دو بڑے سولر منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان وزارت توانائی سندھ کے مطابق ان منصوبوں میں سے ایک 120 میگاواٹ کا سولر پروجیکٹ دیہہ ہلکانی میں نصب کیا جائے گا، جب کہ دوسرا 150 میگاواٹ کا منصوبہ دیہہ میٹھا گار میں لگایا جائے گا۔
صوبائی وزیر توانائی سندھ نے منصوبے کی منظوری کو کراچی کے شہریوں کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان پروجیکٹس سے شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور متبادل توانائی کے شعبے کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
حکام کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف شہر کو مستحکم بجلی فراہمی ممکن ہوگی بلکہ یہ گرین انرجی کی جانب ایک مؤثر قدم بھی ثابت ہوگا، جو ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں ہر سال گرمیوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا رہتا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ہوتی ہیں، متبادل توانائی کے ان منصوبوں کو اسی بحران پر قابو پانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ نیپرا اس سے قبل بھی مختلف علاقوں میں سولر اور ونڈ انرجی منصوبوں کی منظوری دے چکی ہے، لیکن کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے یہ پہلا بڑا قدم ہے۔
اس حوالے سے، صوبائی حکومت سندھ نے توانائی کے شعبے میں مزید اقدامات بھی شروع کر رکھے ہیں، جن میں 5 لاکھ سولر سسٹمز کی مفت تقسیم شامل ہے تاکہ غریب اور مستحق طبقے کو متبادل توانائی فراہم کی جا سکے۔ اس اہم منصوبے کی تفصیلات آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔